وزیراعظم محمد شہباز شریف کے گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ سولر پلانٹ کے وعدہ کی تکمیل،ایکنک نے منظوری دے دی
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کا گلگت بلتستان کے رہائشیوں سے 100 میگاواٹ کے سولر فوٹو وولٹک پاور پلانٹ کی فراہمی بارے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا گیا،قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک)نے وزیراعظم کے اعلان کے دو دن بعد ہی گلگت بلتستان میں مختلف مقامات کے لیے 100 میگاواٹ کے سولر فوٹو وولٹک پاور پلانٹ کے منصوبے کی منظوری دے دی۔پی ایم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایکنک کی منظوری کے بعدمنصوبے پر باقاعدہ کام شروع ہو جائے گا، منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا جس پر کل 24.957 ارب روپے لاگت آئے گی۔اپنے حالیہ دورہ گلگت کے دوران وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ ایکنک جلد ہی گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کے منصوبے کی منظوری دے گی،
سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) پہلے ہی اس منصوبے کی منظوری دے چکی ہے۔واضح رہے کہ استور، داریال، تانگیر،دیامر، گھانچے، غذر، گلگت، ہنزہ، اشکومان، نگر، روندو، سکردو اور شگر کے اضلاع اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں ضلع سکردو کو 18.958 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ہنزہ، گلگت اور دیامر کے اضلاع کو بالترتیب 6.005 میگاواٹ، 28.013 میگاواٹ اور 13.126 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی۔ اسی طرح تیسرے مرحلے میں باقی اضلاع کو 16.096 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔مزید برا?ں یہ منصوبہ ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو 18.162 میگاواٹ آف گرڈ بجلی بھی فراہم کرے گا۔
گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی
گلگت(سی ایم لنکس) گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، مٹی کا تودہ گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر سے آنے والے سیلابی ریلے نے حسن آباد میں تباہی مچا دی۔گلیشیئر کے مسلسل پگھلنے سے دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی، جس کے نتیجے میں دریائی کٹاؤ سے متعدد مکانات تباہ اور کئی ایکڑ زرعی زمین زیر آب آ گئی۔گلگت میں فیری میڈوز ٹریک کی بحالی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے تاہم زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق حالیہ سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر پندرہ افراد جاں بحق ہوئے۔ دریائی کٹاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہے گا جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

