ای سی سی نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 3 ارب روپے کی امداد منظور کرلی
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 3 ارب روپے کی امداد منظور کرلی جبکہ متاثرہ علاقوں کی جلد تعمیر نو اور متاثرین کو خیمے، ادویات اور خوراک فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لیے تین ارب روپے امداد کی منظوری دی گئی جبکہ تباہ شدہ ڈھانچے کی بحالی اور جلد تعمیر نو کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں پی ٹی وی کے لیے 3 ارب 81 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی اور ہدایت کی گئی کہ ادارہ بجٹ پر انحصار کم کر کے خود کفالت کی جانب بڑھے۔کیپٹو پاور کنزیومرز سے لیوی وصولی کا فائدہ گرڈ صارفین کو منتقل کرنے اور مشکے تھلیاں تروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی شرائط منظور کر لی گئیں۔یہ منصوبہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات مزید مضبوط کرے گا۔ای سی سی نے سنرجیکو آئل ریفائنری سے پیٹرولیم لیوی کے تمام واجبات وصول کرنے کی ہدایت بھی دی۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے لیے 27 ارب روپے کے پیکج پر اجلاس میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی حالانکہ آج سمری پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
……………..
اقوام متحدہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلیے امداد کا اعلان
اسلام آباد(سی ایم لنکس)اقوام متحدہ نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ابتدائی طور پر 6 لاکھ ڈالر امداد جاری کر دی ہے۔نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ امدادی کارروائیوں کی قیادت پاکستانی حکام کر رہے ہیں جبکہ اقوامِ متحدہ اور اس کے مقامی شراکت دار تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق، اقوامِ متحدہ کا ایک وفد بدھ کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے نقصانات کا جائزہ لے گا۔پاکستان میں رواں مون سون سیزن کا آغاز 26 جون کو ہوا، جس کے بعد سے شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے۔اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک 798 افراد جاں بحق جبکہ 1,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔سیلاب کے باعث 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کی اشیاء کی شدید قلت ہے۔اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی امداد کے مطابق متاثرین کو فی الفور رہائش، طبی سہولیات، صاف پانی، نقد رقوم، تعلیمی معاونت اور خاص طور پر خواتین و بچیوں کے تحفظ کی اشد ضرورت ہے۔محکمہ موسمیات پاکستان نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

