ضلع لوئر چترال میں ای۔اسٹامپ پیپرز کے اجرا کا آغاز
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) حکومتِ خیبر پختونخوا اور بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا کے تعاون سے ضلع لوئر چترال میں ای۔اسٹیمپنگ سسٹم کے تحت ای۔وینڈر ماڈیول کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے بعد جدید اور محفوظ طریقہ کار کے تحت ای۔اسٹامپ پیپرز کا اجرا شروع ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسٹامپ وینڈرز کی باقاعدہ تربیت مکمل ہونے کے بعد پیر 30 مارچ 2026 سے اس نظام کو عملی طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد عوام کو آسان، شفاف اور جعل سازی سے پاک سہولت فراہم کرنا ہے۔
نئے نظام کے تحت روایتی اسٹامپ پیپرز کی جگہ اب سفید کاغذ (وائٹ پیپر) پر ای۔اسٹامپ جاری کیے جا رہے ہیں، جن میں کیو آر کوڈ (QR Code) اور ریئل ٹائم آن لائن ویریفیکیشن جیسی جدید سیکیورٹی خصوصیات شامل ہیں، جس سے دستاویزات کی تصدیق فوری طور پر ممکن ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق مجاز ای۔وینڈرز 150 روپے سے لے کر 500 روپے تک مالیت کے ای۔اسٹامپ پیپرز جاری کریں گے، جبکہ اسٹامپ ڈیوٹی کی ادائیگی PSID پر مبنی الیکٹرانک نظام کے ذریعے کی جائے گی، جو مکمل شفافیت اور ریکارڈ کی درستگی کو یقینی بناتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ای۔وینڈر ماڈیول کے ذریعے جاری کردہ یہ ای۔اسٹامپ پیپرز تمام رجسٹریشن، قانونی کارروائیوں اور شہادتی مقاصد کے لیے مکمل طور پر قابلِ قبول اور قانونی حیثیت کے حامل ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جدید نظام سے فائدہ اٹھائیں اور غیر مستند یا روایتی ذرائع کے بجائے صرف مجاز ای۔وینڈرز سے ای۔اسٹامپ پیپرز حاصل کریں تاکہ دھوکہ دہی اور جعل سازی کے امکانات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
