چترال کے ڈاکٹر اشفاق احمد کی سائنسی تحقیق میں عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں، اسکالرلی انڈیکس کی عالمی درجہ بندی میں ایک ہزار محققین میں آپ کا نام شامل
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) دینین، چترال سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اشفاق احمد چین کے ہائیڈے کالج میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا شمار فوڈ سائنس، غذائی الرجی اور متعلقہ سائنسی شعبوں میں سرگرم محققین میں ہوتا ہے۔
ڈاکٹر اشفاق احمد نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور سے فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں بیچلر اور ماسٹرز کی ڈگریاں پہلی پوزیشن کے ساتھ حاصل کیں اور دونوں سطحوں پر گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ بعد ازاں اوشن یونیورسٹی آف چائنا سے پی ایچ ڈی مکمل کی، جہاں انہیں 2020ء میں ممتاز بین الاقوامی فارغ التحصیل طالب علم کا اعزاز ملا۔
ان کی تحقیقی خدمات کے اعتراف میں 2024ء میں چین کی نیشنل نیچرل سائنس فاؤنڈیشن نے انہیں بین الاقوامی نوجوان سائنس دانوں کے لیے تحقیقی فنڈ فراہم کیا۔ اسی سال انہیں اوشن یونیورسٹی آف چائنا کی جانب سے ریسرچ پروگریس ایوارڈ بھی دیا گیا۔
ڈاکٹر اشفاق احمد کے 70 سے زائد تحقیقی مقالات بین الاقوامی سائنسی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں، جبکہ وہ دو بین الاقوامی کتابوں کے ابواب کے مصنف اور چین کے ایک قومی اختراعی پیٹنٹ کے حامل بھی ہیں۔ ان کی تحقیق کے اہم موضوعات میں غذائی الرجی، غذائی تحفظ، کم الرجی پیدا کرنے والی غذاؤں کی تیاری اور جدید فوڈ پروسیسنگ ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
سال 2026ء میں اسکالرلی انڈیکس کی عالمی درجہ بندی کے مطابق وہ فوڈ الرجی اور اینافائلیکسیس میں دنیا بھر میں 280ویں، کانٹیکٹ ڈرماٹائٹس اور الرجیز میں 388ویں اور الرجک رائنائٹس اور حساسیت میں 569ویں نمبر پر رہے۔
وہ بین الاقوامی سائنسی کانفرنسوں میں بھی شرکت کرتے ہیں اور چین میں منعقدہ مختلف کانفرنسوں میں مقرر، کلیدی مقرر اور سیشن چیئر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تدریس کے ساتھ طلبہ کی تحقیقی رہنمائی اور جدید تعلیمی ٹیکنالوجیز کے فروغ میں بھی سرگرم ہیں۔
ڈاکٹر اشفاق احمد اپنی کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیتے ہوئے اپنے والدین اور خاندان کی دعاؤں، حوصلہ افزائی اور قربانیوں کو اپنی کامیابیوں میں بنیادی اہمیت دیتے ہیں۔ وہ سائنسی تحقیق، بین الاقوامی تعلیمی تعاون اور نوجوان محققین کی رہنمائی کے ذریعے علم و تحقیق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہیں۔
یادرہے کہ ڈاکٹر اشفاق احمد دنین مشانگول کی معروف شخصیت خورشید احمد کے فرزند ارجمند اور صدیق احمد کے بھتیجا ہیں،
