لوئر چترال: کرسمس کے موقع پر ڈی پی او کا کرسچن چرچ فیض آباد ہون کا سکیورٹی آڈٹ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان (PSP) نے کرسمس کے موقع پر کرسچن چرچ فیض آباد ہون کا سکیورٹی آڈٹ کیا تاکہ مذہبی تقریبات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ایس ڈی پی او سرکل چترال سجاد حسین، ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال انسپکٹر علی احمد، لائن آفیسر اے ایس آئی فضل کریم، کرسچن کمیونٹی کے نمائندے اور دیگر پولیس افسران بھی ڈی پی او کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈی پی او لوئر چترال نے چرچ کے داخلی و خارجی راستوں، تعینات پولیس نفری، سکیورٹی ڈیوٹی پوائنٹس، نگرانی کے انتظامات اور مجموعی حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سکیورٹی پلان پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ڈیوٹی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی جائے۔
ڈی پی او نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گشت میں اضافہ کیا جائے، سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور ایمرجنسی رسپانس کو ہمہ وقت مؤثر رکھا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او رفعت اللہ خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوئر چترال پولیس اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات اور مذہبی تقریبات کی سکیورٹی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوئر چترال پولیس امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔


