ڈی پی او لوئر چترال کی علمائے کرام اور اسماعیلی کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات، امن، مذہبی ہم آہنگی اور منشیات کے خاتمے پر تعاون بڑھانے پر اتفاق
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) نے اپنے دفتر میں ضلع کے مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور بعد ازاں اسماعیلی کمیونٹی کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، منشیات کے خاتمے، سماجی اصلاح اور باہمی تعاون سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
علمائے کرام سے ملاقات کے دوران چترال کے سماجی و مذہبی ماحول، مثالی بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور مقامی تہذیب و تمدن پر گفتگو کی گئی۔ علمائے کرام نے چترال میں منشیات کے خلاف پولیس کی جاری کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اس مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
اس موقع پر ڈی پی او ریشم جہانگیر نے علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چترال میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور پائیدار امن کے قیام میں علماء کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ منشیات کے خاتمے، معاشرتی اصلاح، عوامی تنازعات کے پرامن حل، مظلوموں کی داد رسی اور نوجوان نسل میں سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں پولیس کے شانہ بشانہ کردار ادا کریں۔
علمائے کرام نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پرامن، اصلاحی اور فلاحی معاشرے کے قیام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے وہ لوئر چترال پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا، ڈی پی او ریشم جہانگیر نے اسماعیلی کمیونٹی کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی، جس میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی، باہمی تعاون، منشیات کے خاتمے اور خودکشی کی روک تھام جیسے اہم سماجی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈی پی او نے کہا کہ ضلع میں پائیدار امن اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں اسماعیلی کمیونٹی کا کردار قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لوئر چترال پولیس تمام مکاتبِ فکر اور کمیونٹیز کے تعاون سے ضلع میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔
