ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول کمیٹی چترال کا اجلاس، مارکیٹ میں درست ادویات کی فراہمی کے بارے میں تمام قواعد وضوابط پر سوفیصد عمل کیا جائے گا۔ ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر نعمت اللہ خان
چترال (نما یندہ چترال ٹائمز)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس لویر چترال کے کانفرنس روم میں پراونشل ڈرگ انسپکٹرڈاکٹر نعمت اللہ خان کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول کمیٹی چترال کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام لائسنس یافتہ فارماسیوٹیکل ڈسٹری بیوٹرزاور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسزخیبر پختونخو ا کی رہنمائی اور ضلعی انتظامیہ لویر چترال اور ڈی ایچ او لویر چترال کی تعاون سے ڈرگ ایکٹ 1976ء پر مکمل عملدرامد کرنے ، غیر قانونی ادویات کی روک تھام، لائسنسوں کی اجراء اور تجدید کے معاملات پر بھی غور وحوض ہوا۔
اس موقع پر عوام کو موثر، محفوظ اور معیاری ادویا ت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں عوامی آگہی پید ا کرنے پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔اجلاس میں سال 2026ء کے لئے اپریشنل اینڈریگولیٹری پلان ترتیب دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ مارکیٹ میں درست ادویات کی فراہمی کے بارے میں تمام قواعد وضوابط پر سوفیصد عمل کیا جائے گا اور اس بارے میں کسی کمی بیشی کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔ چترال فارماڈسٹری بیوشن کونسل کے صدر فخر عالم نے آگہی سیشن منعقد کرنے پر ڈرگ انسپکٹر کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ کے لئے اس سلسلے میں اپنی مکمل تعاون کا یقین دلایا۔


