ڈپٹی کمشنر کا چترال میں ٹیلی نارکی ناقص سروس سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس، متعلقہ حکام کا اجلاس طلب، کسی بھی قسم کے تکنیکی فالٹ کو فوری طور پر دورکرنے کی ہدایت
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال میں ٹیلی نار کی موبائل اور انٹرنیٹ سروس سے متعلق بڑھتی ہوئی عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ٹیلی نار کمپنی کے ذمہ دار افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران ضلع لوئر چترال کے مختلف علاقوں جن میں سوسوم، دروش، گرم چشمہ، شیشی کوہ، بمبوریت، رمبور اور دیگر علاقے شامل ہیں، میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے سروس کی بار بار بندش، کمزور سگنلز اور بجلی کی عدم دستیابی جیسے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹیلی نار حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مواصلاتی مسائل کو فوری، مؤثر اور پائیدار بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اس موقع پر ٹیلی نار کے متعلقہ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ سروس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی جنریٹرز فراہم کیے جائیں گے اور دور دراز علاقوں میں فیول کی مقدار میں فوری اضافہ کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ٹیلی نار کی ٹیکنیکل ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں کا دورہ کریں اور کسی بھی قسم کے تکنیکی فالٹ کو فوری طور پر دور کریں، تاکہ عوام کو بہتر، مستحکم اور قابلِ اعتماد مواصلاتی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

