ڈگری کالج لوئر چترال کے سامنے المناک ٹریفک حادثے میں ملوث ڈرائیور گرفتار، سٹی پولیس
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ نے گزشتہ روز گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز لوئر چترال کے سامنے پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان طالب علم جاں بحق ہونے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو واقعہ میں ملوث ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے احکامات جاری کئے تھے۔ ڈی پی او آفس چترال لوئیر کے دفتر سےجاری پریس ریلیز کے مطابق ایس ڈی پی او سرکل چترال سجاد حسین کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال انسپکٹر علی احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث ڈرائیور ڈاکٹر نور اسلام سکنہ تریچ حال سنگور لوئر چترال کو گرفتار کر لیا ہے۔پریس ریلیز میں مذید کہا گیا ہے کہ لوئر چترال پولیس اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے طالب علم کے اہلِ خانہ، اساتذہ اور کالج انتظامیہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے، اور یقین دلاتی ہے کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات عمل میں لائی جائیں گے۔
یادرہے کہ گزشتہ دن ڈگری کالج روڈ پر ایک المناک حادثہ رونما ہوا تھا ، جس میں ایک تیز رفتار ٹوڈی گاڑی مخالف سمت سے آنے والے موٹرسائیکل سوار اور ایک راہگیر طالب علم کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں شعبہ سیاسیات کے طالب علم تیمور ساکن موردیر اپرچترال اور موٹرسائیکل سوار شہباز مسیح ولد خادم مسیح شدید زخمی ہو گئے تھے، جنھیں موقع پر ڈی ایچ کیوہسپتال چترال پہنچایا گیا تاہم طالب علم تیمور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسے۔ جبکہ موٹرسائکل سوار شہباز مسیح ہسپتال میں داخل ہے۔، اس افسوسناک واقعے کے بعد چترال اور خصوصا سوشل میڈیا میں شدید غم وغصے کا اظہار کیا جارہا تھا اور مطالبہ کیا گیا تھا کہ واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے۔اور ملزم کو فوری گرفتار کی جائے۔ اس حوالے سے سٹی پولیس نے کاروائی کرتےہوئے ڈرائیورکے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ملزم ڈاکٹر نوراسلام کو گرفتار کیا تھا، تاہم بعد میں انھیں مقامی عدالت میں پیش کرنے پر انھیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

