ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کا اویر ویلی کا تفصیلی دورہ، ناقص تعمیراتی کام پرانکوائری کے احکامات، عوامی مسائل کے فوری حل کی ہدایت
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے اپرچترال کےپسماندہ اویر ویلی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سڑکوں کی ناگفتہ بہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوکیڑ پل تا چھانی روڈ میں ناقص پی سی سی (PCC) ورک کے خلاف باقاعدہ انکوائری کے احکامات جاری کیے۔
دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ اپر چترال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ مستوج، پلاننگ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے نمائندے اور تحصیل میونسپل انتظامیہ موڑکہو/تورکہو کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
اویر ویلی کے معتبرین، منتخب نمائندوں اور جذبہ خدمت فاؤنڈیشن اویر کے کارکنان نے ڈپٹی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا اور علاقے کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مسائل کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری اور واضح ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے پوکیڑ پل تا چھانی روڈ پر غیر معیاری پی سی سی ورک پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ ناقص تعمیر کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے تھانہ اویر کے لیے حاصل شدہ زمین پر سیکشن فور کے نفاذ سمیت دیگر قانونی تقاضے جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے، جبکہ نیچھاغ روڈ اور بروم روڈ کی اسسمنٹ اور متعلقہ قانونی کارروائیاں بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی اسکول شونگوش میں تعمیراتی کام میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو موقع پر فون کر کے کام فوری مکمل کرنے کے احکامات دیے۔ اسی طرح بی ایچ یو شونگوش میں اسٹاف کی غیر حاضری پر بھی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال کو غیر حاضر عملے کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہیلتھ فسیلیٹی میں اسٹاف کی کمی پوری کرنے اور میڈیکل آفیسر کی تعیناتی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول بروم میں گودام کی شفٹنگ اور اضافی کمروں کی تعمیر کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کرنے کا اعلان کیا۔
آخر میں انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اویر ویلی کے تمام جائز مسائل کے فوری اور دیرپا حل کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری سنجیدگی کے ساتھ عملی اقدامات جاری رکھے گی۔


