ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کا چترال بونی مستوج شندور روڈ پر کام کا معائنہ، کام میں مذید تیزی لانے اور سردیوں سے پہلے اسفالٹ بچھانے کا ہدف مکمل کرنے کی ہدایت
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے آج مختلف سرکاری و ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے انتظامی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، اور تعمیراتی کام کے معیار کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے جنالی کوچ میں واقع اسفالٹ پلانٹ کا معائنہ کیا، جہاں سے بونی-بوزند روڈ اور چترال-بونی-مستوج-شندور روڈ کے لیے اسفالٹ تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اسفالٹ کے معیار اور تیاری کے عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور پلانٹ کے انچارج کو ہدایت کی کہ تیاری کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ کمپکشن مکمل ہونے کے بعد سڑکوں پر اسفالٹ بچھانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جا سکے۔ اور سردیوں سے پہلے مقررہ ہدف مکمل ہوسکے۔
ڈی سی نے کہا کہ یہ سڑکیں ضلع کے عوام کی معاشی و سماجی سرگرمیوں کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے ان منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے چترال-بونی-مستوج-شندور روڈ پر واقع لوئر جنالی کوچ میں ریٹیننگ وال کے جاری کام کا معائنہ کیا۔
انہوں نے متعلقہ ٹھیکیدار کو تاکید کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار بڑھائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں، تاکہ عوام کو ان کے ثمرات جلد حاصل ہو سکیں۔
 
  
 

