ڈپٹی کمشنرعمران خان کا اپرچترال کے بعض علاقوں میں گندم کی قلت کا نوٹس، بانگ یارخون کیلئے گندم کی فوری ترسیل کی ہدایت
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال کے مختلف علاقوں میں گندم کی قلت سے متعلق عوامی شکایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی کے ہمراہ سرکاری مین گودام بونی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اپر چترال بھی اپنے دفتر میں موجود پائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے گودام میں موجود گندم کے اسٹاک اور اس کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورانِ انسپکشن یہ بات سامنے آئی کہ مین گودام بونی میں گندم وافر مقدار میں دستیاب ہے اور اس کا معیار بھی تسلی بخش ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو سختی سے ہدایت کی کہ اپر چترال کے تمام پی آر سیز (PRCs) میں گندم کی وافر مقدار میں ذخیرہ یقینی بنایا جائے تاکہ بدلتے ہوئے موسمی حالات اور ممکنہ برفباری کے پیش نظر عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اشیائے خورونوش بالخصوص گندم بروقت دستیاب رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ علاقہ بانگ کے سرکاری گودام میں گندم کی ترسیل آج سے یقینی بنائی جائے، کیونکہ ان کے حالیہ دورے کے دوران مقامی عوام نے وہاں گندم کی قلت کی شکایات کی تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بنیادی خوراک کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ گندم کی فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

