ریشن شادر میں فلڈ پروٹیکشن منصوبہ، ڈپٹی کمشنر اپر چترال کا ایریگشن حکام کے ہمراہ مجوزہ سائٹ کا تفصیلی دورہ
.
اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ریشن شادر میں مجوزہ فلڈ پروٹیکشن سٹرکچر (RCC اور چینلائزیشن) کی تعمیر کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے متعلقہ اعلیٰ حکام کے ہمراہ مجوزہ سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر چیف انجینئر نارتھ طارق علی، سپرنٹنڈنگ انجینئر سوات ایریگیشن سرکل عارف خان، سپرنٹنڈنگ انجینئر مردان ایریگیشن سرکل فخرِ عالم اور سینئر پلاننگ آفیسر آفتاب عالم بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ریشن شادر کے اس حساس مقام کا معائنہ کیا گیا جہاں سیلاب کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر حفاظتی پشتے (فلڈ پروٹیکشن سٹرکچر) کی تعمیر تجویز کی گئی ہے۔ منصوبے میں آر سی سی سٹرکچر اور چینلائزیشن شامل ہے، جس کا مقصد پانی کے بہاؤ کو منظم کرنا اور قریبی آبادی کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے محکمہ ایریگیشن کے حکام کے ہمراہ موقع پر ٹیکنیکل جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کی ڈیزائننگ اور عملدرآمد اس انداز میں یقینی بنایا جائے کہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو تحفظ فراہم ہو سکے۔
دورے کے دوران علاقے کے عمائدین بھی موجود تھے، جنہوں نے اس منصوبے کو علاقے کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے اس پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

