ڈپٹی کمشنر لوئرچترال، ایم پی اے اور وزیراعظم کے کوارڈنیٹر کا زیرتعمیر دانش سکول کا دورہ
۔
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال راؤ ہاشم عظیم نے آج زیر تعمیر دانش سکول کا دورہ کیا ، اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع لوئر چترال ایڈووکیٹ عبدالولی خان، رکن صوبائی اسمبلی فتح الملک علی ناصر، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر و دیگر عہدیداران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور مجموعی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران متعلقہ حکام نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا،ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایات کیں کہ منصوبے کی تعمیر مقررہ معیار، منظور شدہ ڈیزائن اور طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
عبدالولی خان نے اس بات پر زور دیا کہ دانش سکول چترال ایک تاریخی تعلیمی منصوبہ ہے، جس کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق تکمیل حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ چترال کے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔
شرکاء نے امید ظاہر کی کہ دانش سکول کی تکمیل سے چترال میں معیاری تعلیم کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور یہ ادارہ علاقے کے باصلاحیت نوجوانوں کے روشن مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا۔

