لوئر چترال میں دفعہ 144 نافذ، پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت پابندیاں عائد کردی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال سے 13 نومبر 2026 کو جاری حکم نامے کے مطابق ضلع بھر میں پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاہم مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت سے اس پابندی سے استثنیٰ حاصل کیا جاسکے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بڑے اجتماعات سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہونے اور کسی ناخوشگوار واقعے کا خدشہ ہے، جبکہ ایسے اجتماعات سے امن و سکون میں خلل پڑنے کا بھی امکان ہے۔ اسی بنا پر دفعہ 144 کے تحت یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر احسان اللہ کی جانب سے جاری حکم کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور 15 دن تک مؤثر رہے گا، تاہم مجاز اتھارٹی اسے مقررہ مدت سے قبل تبدیل یا واپس لے سکتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ امن و امان کے قیام، عوامی تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔