ڈپٹی کمشنر لوئیرچترال کے زیر صدارت این ایچ اے روڈ منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راو ہاشم عظیم کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلع لوئر چترال میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے زیر نگرانی جاری سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کا مقصد جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا، درپیش انتظامی، مالی اور تکنیکی امور پر غور کرنا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ جاری منصوبوں کی اب تک کی پیش رفت پر ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ کام میں حائل رکاوٹوں اور ان کے ممکنہ حل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں منصوبوں کی تکمیل، بین الادارہ رابطہ کاری اور تعمیراتی معیار کو برقرار رکھنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور پائیدار سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جا سکے۔

