ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال کا جائزہ
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) کا اجلاس کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل ارسلان عبدالمجید اور ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ریشم جہانگیر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز، حساس اداروں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ سیکیورٹی و انتظامی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، داخلی سیکیورٹی، بین الادارہ جاتی رابطہ کاری اور دیگر اہم انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے مختلف اداروں کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور جاری اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر ضلع میں امن و امان کو مزید مؤثر بنانے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے بروقت معلومات کے تبادلے، مربوط حکمتِ عملی اور باہمی تعاون کے ذریعے امن و امان کے قیام، عوامی تحفظ اور مؤثر طرزِ حکمرانی (گورننس) کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
