لوئر چترال میں نئے رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد، دفعہ 144 نافذ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لوئر چترال کے احکامات کی روشنی میں ضلع لوئر چترال میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل، عوامی پریشانی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کی صورتحال کے پیش نظر نئے رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس، منعقدہ 18 دسمبر 2025، میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع لوئر چترال کی حدود میں تمام اقسام کے نئے رکشوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس فیصلے کے تحت دفعہ 144 ضابطہ فوجداری (CrPC) نافذ کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور دو ماہ تک برقرار رہے گا۔ پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف دفعہ 188 CrPC کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل میں کمی لائی جا سکے۔
دریں اثنا مختلف مکاتب فکر نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سینکڑوں رکشوں کی چترال میں موجودگی صرف پالوشن کو بڑھانے کا زریعہ ہیں جبکہ سواری سے وہی کرایہ وصول کرتے ہیں جو کار، غوگیئے یادوسری گاڑیاں لیتے ہیں، انھوں نے ضلعی انتظامیہ کی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس پر عملدرآمد کو مذید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا مذید کہنا ہے کہ رکشوں کی داخلے پر پابندی برقرار نہ رکھاگیا تو چند سال بعد چترال بھی پیرودائی پنڈی کا منظر پیش کریگا۔جس پر قابوپانا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہوگا۔

