دانش اسکول چترال کا منصوبہ؛ سید آباد میں 3 ارب روپے کے پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری، عوام کا خیرمقدم
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) سید آباد کے مقام پر تقریباً 3 ارب روپے کی لاگت سے زیر تعمیر دانش اسکول منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔
کنسلٹنٹ انجینئر محمد اعظم کے مطابق منصوبے کی رفتار مزید تیز کی جا رہی ہے، جبکہ کنسلٹنٹ کمپنی اے ایم سی کے سائٹ انجینئرز، ریزیڈنٹ انجینئر اور دیگر تکنیکی عملہ کام کے معیار اور پیش رفت کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ اس منصوبے پر میسرز اے ایس ایم ڈی پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایل ایم سنز اسلام آباد کا جوائنٹ وینچر کام کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس منصوبے کا اعلان وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے دورۂ چترال کے موقع پر کیا تھا، اور ان کی خصوصی دلچسپی کے باعث اس اہم تعلیمی منصوبے پر بلا تاخیر کام شروع کیا گیا۔
علاقے کے عوام نے منصوبے پر تیز رفتار کام شروع کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانش اسکول کے قیام سے غریب اور مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے، جو علاقے میں تعلیمی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

