ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی ، غیر قانونی لکڑی سے لدی دو گاڑیاں پکڑی گئیں، ملزمان گرفتار، جیل منتقل
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال مقبول حسین کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات نے غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں، جس کے دوران غیر قانونی لکڑی سے لدی دو گاڑیاں پکڑ لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کارروائی کے دوران دونوں گاڑیوں کو چیکنگ کے دوران تحویل میں لیا گیا، جن میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر کاٹی اور منتقل کی جانے والی لکڑی موجود تھی۔ کارروائی کے بعد لکڑی کو ضبط کرلیا گیا جبکہ گاڑیوں کے ڈرائیورز/ملزمان کے خلاف فارسٹ آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کرکے انہیں جیل منتقل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق جنگلات کے تحفظ اور غیر قانونی لکڑی کی کٹائی و نقل و حمل کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال مقبول حسین نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی لکڑی کی کٹائی اور اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ جنگلات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور غیر قانونی لکڑی کی کٹائی یا نقل و حمل کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں، تاکہ جنگلات اور قدرتی وسائل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی کی جا سکے۔
