چترال( نمائندہ چترال ٹائمز ) رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو سرکاری نرخ نامے کے مطابق برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ لوئر چترال متحرک ہوگئی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پرائس کنٹرول میکانزم، مارکیٹوں میں جاری کارروائیوں اور اب تک کی پیش رفت پر ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ مختلف بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز کا سلسلہ جاری ہے اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے ہدایت کی کہ منافع خوری اور گران فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرانفروشوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور فیلڈ افسران خود مارکیٹوں میں موجود رہ کر مؤثر نگرانی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی دکاندار کو عوام کا استحصال کرنے کا موقع نہ ملے۔
انہوں نے زور دیا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس بابرکت مہینے کے تقدس کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت ایکشن جاری رکھا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماہِ صیام میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی مؤثر نظام فعال رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

