چترال میں شہید اسامہ وڑائچ اور پی آئی اے طیارہ حادثہ 2016 کے شہدا کی برسی کی پروقار تقریب
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) آج 7 دسمبر کو شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ اور پی آئی اے طیارہ حادثہ 2016 کے شہدا کی برسی کے موقع پر اسامہ وڑائچ پارک میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر حاضری سے کیا گیا، جہاں چترال لیویز کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریاض احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ محمد خان، مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، لیویز فورس کے افسران اور جوان موجود تھے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھی یادگارِ شہداء پر پھولوں کے گلدستے رکھے گئے۔
تقریب میں شہداء کے بلند درجات، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ شرکاء نے شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ کی خدمات، دیانت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی گرانقدر کاوشوں کو سراہا۔
اس کے علاوہ، پی آئی اے طیارہ حادثے کے دیگر شہداء کو بھی عقیدت سے یاد کیا گیا اور ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اختتام پر سب نے دعا کی کہ اللہ رب العزت شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر، حوصلہ اور اجرِ عظیم عطا فرمائے۔


