حج کے دوران حجاج کرام کیلئے مثالی انتظامات پروزیراعلیٰ کا سعودی سفیر کو تعریفی خط
۔
۔
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے حج 2026 کے دوران حجاج کرام کے لیے مثالی انتظامات پر پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کو تعریفی خط ارسال کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں سعودی حکومت کو حج کے بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے عوام اور صوبائی حکومت کی جانب سے دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔
سعودی عرب کے سفیر برائے پاکستان نواف بن سعید المالکی کے نام اپنے ایک خط میں وزیراعلیٰ نے لکھا ہے کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام نے حج 2026 کے دوران سعودی حکام کی غیرمعمولی خدمات، بہترین مہمان نوازی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو بے حد سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے لاکھوں عازمین حج کو پرامن، منظم اور روحانی ماحول فراہم کرکے اسلامی دنیا کی خدمت کا قابلِ تقلید نمونہ پیش کیا ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ حجاج کرام کے لیے رہائش، نقل و حرکت ، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات اعلیٰ معیار کے تھے جنہوں نے فریضہ حج کی ادائیگی کو مزید آسان اور سہل بنایا۔وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ تشکر کے جذبات کا براہ راست اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کی خدمت کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔
