وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا گلگت بلتستان کے سپریم ایپلٹ کورٹ سے آزاد ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کی درخواست
۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیوں پر مبینہ پابندیوں، کارکنوں کی گرفتاریوں اور انتخابی عمل میں مداخلت سے متعلق اطلاعات پر سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان سے رجوع کرتے ہوئے آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فوری عدالتی مداخلت کی درخواست کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں نشاندہی کی ہے کہ گلگت بلتستان سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والی ایک پارلیمانی سیاسی جماعت کو انتخابی سرگرمیوں، جلسوں، عوامی اجتماعات اور اپنی قیادت و کارکنوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے غیر ضروری رکاوٹوں اور پابندیوں کا سامنا ہے۔ خط میں سیاسی کارکنوں اور رہنماوں کی ہراسانی، من مانی گرفتاریوں اور قانونی سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالنے کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اگر ایسے اقدامات کا بروقت نوٹس نہ لیا گیا تو اس سے انتخابی عمل کی شفافیت، غیر جانبداری اور عوامی اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کا آئین ہر سیاسی جماعت اور شہری کو آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات میں شرکت کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے اور ان اصولوں سے انحراف آئینی ضمانتوں اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ نے سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان سے درخواست کی ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرے، سیاسی کارکنوں اور جماعتی قیادت کے خلاف غیر قانونی ہراسانی، گرفتاریوں اور پابندیوں کا سدباب کرے، تمام سیاسی جماعتوں کو بلا رکاوٹ انتخابی مہم اور سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دلائے اور انتخابی عمل کے دوران آئینی و جمہوری حقوق کی کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنائے۔وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اپنے خط میں اس امید کا اظہار کیا کہ عدالت اپنے آئینی اختیار کو بروئے کار لاتے ہوئے قانون کی حکمرانی، جمہوری اصولوں کے تحفظ اور انتخابی عمل پر عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے مناسب احکامات جاری کرے گی۔
