اپرچترال کے ہیڈ کوارٹر بونی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کے زیر صدارت اجلاس
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) بونی میں پینے کے صاف پانی کو بحال کرنے کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ زیر صدارت حسیب الرحمن خان خلیل ڈپٹی کمشنر اپر چترال منعقد ہوا۔
اس میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اپر چترال ، اسسٹنٹ کمشنر مستوج ، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ اپر چترال، یونیسف کے نمائندے، چیرمین تحصیل کونسل مستوج، عوامی نمائندے اور علاقے کےدیگر سوشل ورکرز نے شرکت کی۔
میٹنگ میں بونی میں ایک مہینے سے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے عوامی مشکلات اور پانی کی فراہمی کو فوری طور پر بحال کے لئے لائحہ عمل طے کرنے پر تبصرہ کیا گیا۔
یونیسف کے نمائندے نے بتایا کہ یونیسف ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی گزارش پر بونی کے لئے دوسرے سورس سے پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسف چاہتی ہے کہ پانی کی فراہمی پائیدار اور دائمی ہو البتہ پانی کی شدید قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ ہذا عارضی طور پر پانی کی بحالی کے لئے مندرجہ ذیل شرائط پر تیار ہے۔
1. یونیسف کی ٹیم حسب ضرورت پائپ کی فراہمی کو یقینی بنائے گی البتہ کمیونٹی پائپ کی سپلائی اور کھدائی کو اپنی مدد آپ کے تحت کرنے کے لئے تیار ہوگا۔
2. یونیسف پانی کو عارضی طور پر بحال کرنے کے بعد مستقل حل کے لئے اپنا اگلا پلان شئر کرے گا اور کمیونٹی سمیت پبلک ہیلتھ کا ادارہ ان کے ساتھ حسب ضرورت تعاون کو یقینی بنائیں گے۔
3. یونیسف کی ٹیم نے مذید بتایا کہ پانی کی مستقل فراہمی کے بعد محکمہ پبلک ہیلتھ اس کے لئے ٹیرف مقرر کرے گا اور کمیونٹی اس کو ادا کرنے کا پابند ہوگا۔
کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے سردار حکیم چیرمین تحصیل کونسل مستوج نے کہا کہ کمیونٹی ادارے کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کے لئے تیار ہے اور ہمیشہ تیار رہے گا۔ انہون نے کہا کہ پائپ کی سپلائی اور کھدائی سے لیکر مقرر کردہ ٹیرف کو بھی ماہانہ کی بنیاد پر ادا کرنے کو تیار ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے یونیسف کے نمائندے کو بتایا کہ کام کے آغاز سے پہلے کمیونٹی خصوصاً منتخب نمائندوں کو onboard لے لیں تاکہ ان کے مقامی علم سے بھی فائدہ حاصل ہوسکے اور پائدار کام ممکن ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ کو بھی ہدایت کی کہ وہ بھی اس سلسلے میں یونیسف کے ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔

