چترال کی بیٹیوں کا دبئی میں کمال – جی ای فیسٹیول میں چاندی کے تمغے اپنے نام کرلیئے
دوبئی (نمائندہ چترال ٹائمز ) “ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی” – چترال کی سرزمین نے ایک بار پھر اپنی زرخیزی کا ثبوت دے دیا۔ اپر چترال کے گاؤں موردیر سے تعلق رکھنے والی باہمت جڑواں بہنوں عالینا اور شیہنیلا نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دبئی میں منعقدہ “جی ای فیسٹیول” میں سلور میڈلز جیت لیے۔
دونوں بہنوں نے دبئی میں ہونے والے اس عالمی ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے عالینا نے 400 میٹر ریس اور شہنیلا نے 800 میٹر ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کی، یوں پاکستان کے لیے چاندی کے تمغے جیت کر ملک و ملت کا نام روشن کردیا۔
یہ کامیابی ان کی محنت کا ہی نہیں، بلکہ پورے چترال کا فخر ہے۔ عالینا اور شیہنیلا، موردیر کی معروف شخصیت مرحوم دوست محمد خان کی پوتیاں اور محمد سلیم خان کی صاحبزادیاں ہیں۔
چترال ٹائمز سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ان بہنوں نے اپنی کامیابی کو والدین کی دعاؤں، اہلِ علاقہ کی دعاؤں اور خاص طور پر اپنے دادا کی تربیت اور حوصلہ افزائی کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا:
“ہم نے یہ میڈلز اپنے پیارے دادا مرحوم دوست محمد خان کے نام کیے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہمیں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔”
علاوہ ازیں انہوں نے اپنی سپورٹ تنظیم اے کے وائی ایس بی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں لوکل سے لے کر نیشنل اور پھر انٹرنیشنل سطح تک مواقع فراہم کیے۔
یہ کارنامہ نہ صرف موردیر کے لیے بلکہ پورے چترال اور پاکستان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ ایسی نوجوان بچیوں کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مزید ٹیلنٹ سامنے آسکے۔


