چترال میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری، 14 نومبر تک مزید بارشوں اور برفباری کا امکان، چترال میں تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال شہر سمیت لوئر اور اپر چترال کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے بارش جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اپر چترال کے کھوت، تریچ بالا، یارخون لشٹ، بروغل اور شندور پاس جبکہ لوئر چترال کے گوبور، مدک لشٹ اور کالاش وادیوں کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کے ایک سلسلے کے زیرِ اثر 14 نومبر تک خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، بشمول چترال، میں وقفے وقفے سے مزید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پیش گوئی کے مطابق بارشوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔
متوقع موسمی صورتحال اور برفباری کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اپر چترال ارشد خان کی ہدایات پر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W)، لوکل گورنمنٹ، ٹی ایم ایز، ریسکیو 1122 اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنی تمام دستیاب مشینری تیار حالت میں رکھیں، تاکہ برفباری، لینڈ سلائیڈنگ یا دیگر وجوہات کی بنا پر سڑکوں کی بندش کی صورت میں فوری کارروائی کرتے ہوئے راستوں کو ٹریفک کے لیے بحال کیا جا سکے۔
اسی طرح محکمہ خوراک کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام پی آر سی مراکز میں اشیائے خوردونوش کے وافر ذخائر کی دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ محکمہ صحت کو تمام سرکاری طبی مراکز میں ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں محکمہ مال کے حلقہ پٹواریوں اور متعلقہ ویلج کونسل سیکرٹریز کو اپنے اپنے علاقوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے، جانی یا مالی نقصان اور دیگر ہنگامی صورتحال سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو موسمی حالات کے پیش نظر فصلوں سے متعلق سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی چوکس رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔
