چترال کا ایک اور بہادر سپوت وطن پر قربان، لانس نائیک سیف الاعظم فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)چترال کے علاقے مداک لشٹ سے تعلق رکھنے والے چترال سکاوٹس کے بہادر جوان لانس نائیک سیف الاعظم مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔شہید کو ان کے آبائی گاؤں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لانس نائیک سیف الاعظم گزشتہ روز ارسون کے مقام پر پاک افغان بارڈر پر دشمن کے ساتھ جھڑپ کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر دروش ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔
شہید کی نمازِ جنازہ میں فوجی افسران، ضلعی انتظامیہ، عمائدینِ علاقہ، اور سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اور شہید کو فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ صدر پاکستان ، چیف آف آرمی اسٹاف ودیگر افسران کی طرف سے شہید کے قبر پر پھول چڑھائے گئے۔
یادرہے کہ گزشتہ دن ارسون کے بارڈر ایریا میں افغانستان سائڈ سے فتنہ الخواج کے اشتعال انگیز فائرنگ اور چوکی پر حملہ میں فرنٹیئر کور کے ایک جوان شہید اور پانچ زخمی ہوئے تھے جبکہ جوابی کاروائی میں ایک درجن سے زائد دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
لانس نائیک سیف الاعظم نے کم عمری میں ہی وطن کی خدمت کا عزم لے کر فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اپنے فرائض ہمیشہ جرأت، دیانت اور دلیری سے سرانجام دیے۔ ان کی شہادت چترال کے لیے نہ صرف فخر کا باعث ہے بلکہ قوم کے لیے ایک یادگار قربانی کی مثال بھی۔
شہیدوں کی یہ قربانیاں یاد دلاتی ہیں کہ وطن کی سلامتی کے لیے ہمارے محافظ ہر لمحہ سینہ سپر ہیں۔سیف الاعظم جیسے جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کیونکہ وہ قوم کے اصل ہیرو ہیں۔



