چترال ؛ بس اور رکشہ کی آپس میں ٹکر ، سکول ٹیچر جان بحق ، رکشہ ڈرائیو ر زخمی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) پیر کی صبح چترال ٹاؤن کے بلچ کے مقام پر تیز رفتار رکشہ کے سکول بس کے ساتھ ٹکرانے کی وجہ سے رکشہ میں سوار سکول ٹیچر جاوید علی خان ساکنہ سنگور موقع پر جان بحق ہوگئے۔ سٹی پولیس اسٹیشن کے اہلکار نے میڈیا کو بتایاکہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور تیز رفتاری سے پیش آیا جوکہ رکشے پر قابو نہ رکھنے کی وجہ سے سکول بس سے ٹکرادیا۔ انہوں نے بتایاکہ رکشہ ڈرائیور شاہد حسین ولد محمد حسین ساکنہ اورغوچ کے خلاف پرچہ درج کیا گیا ہے جوکہ فی الحال ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ رکشہ سنگور گاؤں سے چترال آرہی تھی کہ ائر پورٹ روڈ پر واقع بلچ میں پٹرول پمپ کے سامنے یہ واقعہ رونما ہوا۔ جاوید علی خان آغا خان سکول بونی میں تعینات تھے۔ رکشے کے ٹکرانے سے سکول بس میں سوار بچے محفوظ رہے۔ بعد ازاں جان بحق ٹیچر جاوید علی خان کو آ بائی قبرستان سنگور میں سپردخاک کردیا گیا ، وہ محمد ہاشم سابق پرنسپل ہائی سکول بلچ اور زاہد علی خان واپڈا کے بھائی ، افتخار الدین سابق پرنسپل ہائی سکول چترال اور ضیاء الدین سابق پرنسپل ہائی سکول شوغور ساکن سنگور کے بھتیجا تھے۔
