چترال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا افتتاح، مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ فخر اعظم
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا شاندار افتتاح کیک کاٹ کر کر دیا گیا، جس میں مختلف ٹیمیں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شریک ہوئیں۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی سطح پر اس طرح کی صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس کے ذریعے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر چترال کی نمائندگی کے مواقع مل سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی کوششوں سے لینڈلنگ اسکول کے قریب اسٹیڈیم کے لیے زمین مختص کی جا چکی ہے اور جلد متعلقہ حکام
دورہ کر کے عملی کام کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیلوں کا مقصد دلوں کو جوڑنا ہے، لہٰذا تمام ٹیمیں دوستانہ ماحول میں کھیل پیش کریں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ چترال ٹاؤن میں کرکٹ گراؤنڈ نہ ہونے کے باعث میچز دروش میں کھیلے جا رہے ہیں۔
تقریب سے سی ای او چترال پریمیئر لیگ فخر اعظم، ڈی پی ایم سرحد رورل سپورٹ پروگرام چترال طارق احمد، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر فیاض رومی، امیر جماعت اسلامی لوئر چترال وجہہ الدین، الحاج حسین احمد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوانوں میں ہم آہنگی اور علاقے میں امن کے قیام کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کرکٹ گراؤنڈ کی عدم دستیابی کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسٹیڈیم کی جلد تعمیر پر زور دیا اور کہا کہ چترال کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے مناسب سرپرستی کی ضرورت ہے۔
چترال پریمیئر لیگ سیزن ٹو میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں چترال سرکار، سائرج کوہ، دروش درویش، جغور جاگورز، بروز واریئرز، ایس کے ایس مارخور، اپر چترال لائنز، قشقار دروش، چترال چیمپئنز اور سکانی رائیڈرز شامل ہیں۔
تقریب کی صدارت عوامی نیشنل پارٹی کے سابق جنرل سیکرٹری میر عبادالرحمن نے کی جبکہ نظامت کے فرائض انصار الٰہی نغمانی نے انجام دیے۔

