چترال ؛ یوم شہداء پولیس جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کےساتھ منایا جارہا ہے، شہدا کے قبروں پر حاضری وسلامی ، پولیس لائن میں بلڈ ڈونیشن کا اہتمام
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ شیر اکبر کے خصوصی احکامات پر شہداء کی قبروں پر حاضری، سلامی دینے کے ساتھ ساتھ اُن کے گھروں میں جاکر والدین اور بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ کی ہدایت پر ڈی۔ایس۔پی۔ہیڈکوارٹر اکبر شاہ ، انچارچ ٹریفک وارڈن پولیس ASI فضل کریم اور دیگر پولیس افسران نے شہید ASI گلسمبر خان کے قبر پر جاکر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہید کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ لوئر چترال پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
دریں اثنا یومِ شہداء پولیس کے موقع پر پولیس لائن لوئر چترال میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقادکیا گیا، شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت، عوام و پولیس کا مشترکہ جذبہ ہے، اسی مناسبت سے آج پولیس لائن لوئر چترال میں فاطمید فاونڈیشن کے تعاون سے ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ سول افراد نے بھی شرکت کرتے ہوئے اپنے خون کا عطیہ دیا۔
ڈی۔ایس۔پی ہیڈکوارٹر اکبر شاہ، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل چترال سجاد حسین، لائن آفیسر رحیم بیگ اور انچارج ٹریفک وارڈن پولیس فضل کریم نے کیمپ کا وزٹ کرکے خون کا عطیہ دینے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی ۔شہداء کی یاد میں خون کا عطیہ دینا ان کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک عملی اظہار ہے۔




