لوئر چترال: جعلی شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوشش ناکام، افغان باشندے اور سہولت کار گرفتار
.
لوئر چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال پولیس نے نادرا زونل آفس کی رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی طریقے سے قومی شناختی کارڈ (CNIC) حاصل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور افغان باشندوں کو ان کے مقامی سہولت کار سمیت گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ، ملزمان نادرا آفس چترال میں زونل ویری فکیشن بورڈ کے سامنے پیش ہوئے۔ دورانِ تصدیق تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد مقامی سہولت کار احسان اللہ ساکن آرندو گول حال جغور نے اعتراف کیا کہ رقیب اللہ اور عمران اس کے بیٹے نہیں بلکہ افغان شہری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں، جبکہ تمام افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

