چترال فارما ڈسٹری بیوٹرز کونسل کے انتخابات مکمل، فخرعالم صدر منتخب
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال فارما ڈسٹری بیوٹرز کونسل (سی پی ڈی سی) کی ایگزیکٹو باڈی کی تشکیل کے لیے ایک مقامی ہوٹل میں اہم جنرل باڈی اجلاس منعقد ہ اجلاس میں لوئر اور اپر چترال سے تعلق رکھنے والے کونسل کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر یفارماسیوٹیکل ڈسٹری بیوشن سیکٹر سے وابستہ مختلف امور، مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کامرکزی ایجنڈا ایگزیکٹو باڈی کی تشکیل کے دوران تمام ممبران کی مشاورت اور اتفاق رائے سے فخر عالم (سی ای او عالم انٹرپرائزز) کو صدر منتخب کیا جبکہ دوسرے عہدیداروں میں نائب صدر جاوید اختر جواد، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد حسن، فنانس سیکرٹری ضیاء الرحمن اور انفارمیشن سیکرٹری شبیر احمدشامل ہیں۔
اجلاس کے دوران ڈسٹری بیوشن سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ان مشکلات پر قابو پانے کے لیے مشترکہ اور مخلصانہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔نو منتخب صدر فخر عالم نے اپنے خطاب میں ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کونسل کے اندر شفافیت، اتحاد اور لگن کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی قیادت میں کونسل چترال کے کونے کونے میں معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔