چترال مائن اونرز ایسوسی ایشن کی اہم پیش رفت، گرین مائننگ، موجودہ اسٹاک کی ترسیل اور این او سی مسائل پر پیش رفت
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال مائن اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق علی خان کی سربراہی میں ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال سمیت دیگر متعلقہ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں مائن اونرز کو درپیش مسائل، حالیہ ضابطہ کار، گرین مائننگ، بارڈر ایریا اور ورکنگ/مائننگ این او سی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گرین مائننگ اور موجودہ معدنی اسٹاک کی ترسیل کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ پیر کو ضلعی انٹیلی جنس کوآرڈی نیشن کمیٹی (DICC) کے اجلاس کے بعد گرین مائننگ کی اجازت دینے کے حوالے سے ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی۔ اسی طرح مائننگ کے موجودہ اسٹاک کی ترسیل اور ڈسپیچ کی اجازت کے لیے بھی اسی روز ضروری کارروائی مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
بارڈر ایریا کے حوالے سے ایسوسی ایشن نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ موجودہ 10 سے 15 کلومیٹر بارڈر ایریا کو کم کرکے زیادہ سے زیادہ دو کلومیٹر تک محدود کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق دو کلومیٹر کے اندر موجود لیزز کے لیے ضروری سکیورٹی جانچ کے بعد این او سی جاری کیا جائے اور سکیورٹی تقاضے پورے ہونے کی صورت میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے، جبکہ دو کلومیٹر سے باہر کے علاقوں کو آباد علاقہ قرار دے کر وہاں این او سی کے طریقۂ کار کو آسان، شفاف اور بروقت بنایا جائے۔
پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے یقین دہانی کرائی کہ بارڈر ایریا سے متعلق معاملہ بھی آئندہ ڈی آئی سی سی اجلاس میں باقاعدہ زیرِ بحث لایا جائے گا۔
ملاقات میں ورکنگ اور مائننگ این او سی کے حوالے سے مائن اونرز کو درپیش مشکلات، پیچیدہ طریقۂ کار اور غیر ضروری تاخیر کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ اس حوالے سے بھی ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ڈی آئی سی سی اجلاس میں مسئلے کے حل کے لیے ضروری پیش رفت کی جائے گی۔
چترال مائن اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق علی خان نے کہا کہ ایسوسی ایشن مائن اونرز کے جائز مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور چترال میں معدنی شعبے کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مثبت اور تعمیری رابطہ جاری رکھے گی۔