لوئر چترال پولیس کے جوان کی جرات و مہارت، دریا میں ڈوبتے نوجوان کی جان بچالی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) لوئر چترال پولیس کے ایک بہادر جوان نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک قیمتی انسانی جان کو ضائع ہونے سے بچا لیا۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریباً 10 بجے ایک نوجوان فاروق ولد سجاد حال شاہ نگار (عمر تقریباً 16 سال) نامعلوم وجوہات کی بنا پر دروش کے مقام پر حکیم آباد پل سے دریائے چترال میں گرگیا تھا۔ بعض زرائع کے مطابق نوجوان نے دریا میں چھلانگ لگایاتھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او دروش بلبل حسن پولیس جوانوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے ، اسی موقع پر چترال لوئیر پولیس کے فرض شناس کانسٹیبل عابد نے غیر معمولی حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فوراً دریا میں چھلانگ لگا دی۔
انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نوجوان کو ڈوبنے سے بچاتے ہوئے بحفاظت باہر نکال لیا، جس پر موقع پر موجود افراد نے ان کے اقدام کو سراہا۔
کانسٹیبل عابد کا یہ جراتمندانہ اقدام نہ صرف ان کی ذاتی بہادری بلکہ لوئر چترال پولیس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، فوری رسپانس اور عوامی خدمت کے عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
لوئر چترال پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں خدمت، حفاظت اور مدد کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔
دریں اثنا دروش پولیس نوجوان کی دریا میں گرنے کے واقعے کی مکمل انکوائری کررہی ہے کہ آیا نوجوان نے خود چھلانگ لگاکر خودکشی کی کوشش کی ہے یا کسی اور وجہ سے دریا میں گر گیا تھا، تاہم مکمل انکوائری کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ ،
