چترال فٹبال لیگ سیزن 6 اختتام پذیر، جنگ بازار ایف سی نے پاکستان نیوی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا
۔
دروش ( نمائندہ چترال ٹائمز)آئیڈیل کلب دروش کے زیر اہتمام چترال سکاؤٹس 143 ونگ کے تعاؤن اور سرپرستی میں چترال کے تاریخی شہر دروش میں کرنل مراد فٹبال اسٹیڈیم میں سجنے والا قومی سطح کا شاندار فٹبال ایونٹ چترال فٹبال لیگ (CFL) سیزن 6اپنی تمام تر رنگینیوں، جوش و خروش اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ لیگ کا فائنل ایک انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کے بعد “جنگ بازار فٹبال کلب چترال”نے پاکستان نیوی”کو پنالٹی ککس پر شکست دے کر اپنے نام کرلیا۔
فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملا اور مقررہ وقت میں میچ کا فیصلہ نہ ہوسکا، جس کے بعد فاتح ٹیم کا فیصلہ پنالٹی ککس کے ذریعے کیا گیا۔ فیصلہ کن مرحلے میں جنگ بازار ایف سی نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور “چترال فٹبال لیگ سیزن 6 کی ٹرافی اپنے نام کرلی”۔
فائنل میچ کے مہمان خصوصی چترال سکاؤٹس 143 ونگ کے کمانڈرز لیفٹیننٹ کرنل حسن عباس اور لیفٹیننٹ کرنل جنید وسیم تھے۔ اس موقع پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق ڈائریکٹر ٹیکنیکل کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین ، پی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محسن چوہدری، منی فٹبال فیڈریشن کے صدر ملک لیاقت ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر اور شہزادہ حشام الملک سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
فائنل میچ دیکھنے کے لیے چترال کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں شائقین کرنل مراد اسٹیڈیم دروش پہنچے۔ اسٹیڈیم میں گنجائش سے زیادہ تماشائی موجود ہونے کے باعث بڑی تعداد میں شائقین نے قریبی عمارتوں کی چھتوں اور اطراف میں کھڑے ہوکر میچ دیکھا اور سنسنی خیز مقابلے سے لطف اندوز ہوئے۔ فائنل میں دونوں جانب ملک کے نامور اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی نے مقابلے کی اہمیت اور دلچسپی کو مزید بڑھا دیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، انعامات اور نقد ایوارڈز تقسیم کیے۔
ٹورنامنٹ میں شاندار انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان آرمی کے کھلاڑی قدیر 8 گولز کے ساتھ سیزن 6 کے ٹاپ اسکورر قرار پائے، جبکہ انہیں مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی دیا گیا۔ پاکستان نیوی کے گول کیپر محسن کو بہترین گول کیپر جبکہ جنگ بازار ایف سی کے عمر جاوید سدوزئی کو فائنل کا مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
چترال فٹبال لیگ کی انتظامیہ کی جانب سے چیمپئن ٹیم جنگ بازار ایف سی کو شاندار ٹرافی کے ساتھ تین لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ رنر اپ پاکستان نیوی کی ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔
چترال فٹبال لیگ کا سیزن 6 اس اعتبار سے بھی نمایاں رہا کہ اس میں ملک کے مختلف حصوں سے معروف فٹبال ٹیموں، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی، جبکہ پورے ایونٹ کے دوران شائقین فٹبال کی غیر معمولی دلچسپی اور بھرپور شرکت نے اسے ایک بڑے قومی سپورٹس ایونٹ کی شکل دی۔
آئیڈیل فٹبال کلب دروش کے زیر اہتمام اور چترال سکاؤٹس کی سرپرستی و تعاون سے منعقد ہونے والا CFL سیزن 6 ایک بار پھر اس عزم کے ساتھ اختتاْم پذیر ہوا کہ فٹبال کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع، باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا پلیٹ فارم اور چترال کو کھیلوں کے نقشے پر مزید نمایاں مقام فراہم کیا جائے۔
شاندار ایونٹ منعقد کرنے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی طرف سے ایگزیکٹیو ممبر محسن چوہدری نے کمال عبدالجمیل کو خصوصی تحفہ پیش کیا گیا۔
