چترال؛ ڈیڈک اجلاس، جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور تعطل کا شکار منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال مقبول حسین اور ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر کی زیرِ صدارت ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی (ڈیڈک) کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت، کام کی رفتار اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی، جبکہ مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مقبول حسین نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار فوری طور پر تیز کی جائے اور تعطل کا شکار منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں میں تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے، جاری کاموں کی باقاعدہ فیلڈ نگرانی کرنے اور منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق رپورٹس بروقت پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے ان ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی باقاعدگی سے جاری رکھی جائے گی اور اس مقصد کے لیے جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔
