چترال چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری کے زیر اہتمام بزنس کانفرنس کا انعقاد، نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کیلئے تربیت دی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنرراو ہاشم عظیم
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ بزنس کانفرنس میں چترال میں صنعت وتجارت کو فروع دینے کے حوالے سے یہاں پر دستیاب مواقع، افرادی قوت اور اس راہ میں حائل ہونے والی چیلنجز کا تفصیل سے جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ نوجوانوں کو آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد ہاشم عظیم مہمان خصوصی تھے جس نے خطاب کرتے ہوئے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ یوتھ کو آگے لاکر ہم بزنس کے میدان میں مطلوبہ اہداف حاصل کرسکتے ہیں جبکہ چترال میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں “ابھرتا ہوا چترال “کے نام سے ضلعی انتظامیہ یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میرٹ کی بنیاد پر چنے گئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مختلف جدید ہنر کی چار ماہ پر محیط تربیت دی جائے گی جس کے بعد وہ اپنے گھر بیٹھے ان لائن کمانے کے قابل ہوں گے جن میں ویب ڈیزائننگ اور گرافک ڈیزانئننگ اور دوسرے مفید ماڈیولز شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ابھرتا ہوا چترال کے تحت نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے مواقع بھی پیدا کئے جائیں گے۔ اس سے قبل چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محبوب اعظم نے کہاکہ نوجوانوں کو بزنس کی طرف راغب کرنے اور انہیں جاب کیلئے دربدر کی ٹھوکر کھانے سے بچاتے ہوئے انہیں جاب دینے والے بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام دیگر اداروں اور سول سوسائٹی کا شکریہ ادا کیا۔ چیمبر آف کامرس کے بانی صدر سرتاج احمد خان نے اپنے خطاب میں چترال میں بزنس کو ترقی دینے کے حوالے سے پانچ مختلف ذرائع اور وسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پاک افغان ٹریڈ کو دوبارہ شروع کرنے سمیت اگر ان مواقع سے فائدہ اٹھایا گیا تو علاقے میں خوشحالی آجائے گی۔ اس موقع پر گورنمنٹ کامرس کالج چترال کے پرنسپل صاحب الدین اور دوسروں نے بھی موضوع پر روشنی ڈالی۔ مختلف شعبوں میں بزنس کامیابی سے قائم کرنے پر کئی نوجوانوں کو چیمبر کی طرف سے یوتھ ایکسی لنس ایوارڈ بھی دے دئیے گئے.






