چائلڈ پروٹیکشن نظام کے جائزے کیلئے کے پی سی پی ڈبلیو سی اور یونیسیف وفد کا چترال کا دورہ
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور فیلڈ سطح پر جاری اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن (KPCPWC) اور یونیسیف کے مشترکہ وفد نے ضلع لوئر چترال کے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا دورہ کیا۔
وفد نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملاقات میں بچوں کے تحفظ سے متعلق جاری سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں وفد نے وی سی دنین کا دورہ کرکے کمیونٹی بیسڈ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی اور کمیونٹی سطح پر جاری اقدامات اور ان کے کردار کا جائزہ لیا۔ کمیٹی اراکین نے اپنے تجربات اور مسائل سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
دورے کے دوران لوئر چترال کے اہم اداروں اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ ایک رابطہ اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مربوط اور مؤثر بنانے پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ چترال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ یونٹ بچوں کے تحفظ، کیس مینجمنٹ، ریفرل سسٹم کی مضبوطی اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وفد کی قیادت کے پی سی پی ڈبلیو سی کے ایڈیشنل چیف اجاز محمد خان نے کی، جنہوں نے صوبے میں بچوں کے تحفظ کے حوالے سے جاری اقدامات، کامیابیوں اور عملدرآمد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
یونیسیف کے نمائندوں نے چائلڈ پروٹیکشن نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کے پی سی پی ڈبلیو سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے تعاون کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد نے اس دورے کو مقامی سطح پر ادارہ جاتی رابطہ کاری کے فروغ اور بچوں کے تحفظ کے نظام کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

