وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت جاری ہونے والے ڈرائیونگ لائسنسز کے لیے ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح
.
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت جاری ہونے والے ڈرائیونگ لائسنسز کے لیے ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم کا اجرا عمران خان کے وژن برائے ڈیجیٹائزیشن کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو نہ صرف سہولت میسر آئے گی بلکہ میرٹ اور شفافیت کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا ایک اہم سنگ میل ہے، اور حکومت ای گورننس، آن لائن سروس ڈیلیوری اور ڈیجیٹل پیمنٹس سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کرا رہی ہے تاکہ عوام کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم کے پائلٹ اجرا کے بعد اب تک 19,966 لرنر اور 2,212 مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس دوران صوبائی حکومت کو 5 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہری اب گھر بیٹھے“دستک”ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ لائسنس کے اجراء کے تمام مراحل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیے جائیں گے۔
جدید سسٹم میں مصنوعی ذہانت پر مبنی فیشل ریکگنیشن، آن لائن میڈیکل سرٹیفکیٹس، کیو آر کوڈ ویریفیکیشن اور مرکزی ڈیٹا بیس کی تیاری جیسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم کی دیگر نمایاں خصوصیات میں مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے کیش لیس ادائیگیاں، میڈیکل و ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے پیشگی شیڈولنگ، اور ای ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت شامل ہے، جس سے شہریوں کو فوری اور آسان رسائی حاصل ہو گئی ہے۔ مزید برآں، ایک مرکزی ڈیٹا بیس قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے ریکارڈ کی بروقت دستیابی ممکن بنائی گئی ہے، جبکہ“دستک”پلیٹ فارم کے ساتھ انٹیگریشن کے ذریعے خدمات کی فراہمی اور تصدیقی عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ لرنر پیریڈ پالیسی کے تحت 45 دن کی مدت پر سختی سے عملدرآمد بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

