کالاش قبیلے کا مذہبی تہوار چاوموس کا آغاز، انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال کے زیر صدارت اجلاس
چترال( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال / ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راؤ ہاشم عظیم کی زیر صدارت کیلاش قبیلے کے مذہبی تہوار چاوموس کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، کے وی ڈی اے اور متعلقہ محکموں کے افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیسٹیول کی سیکیورٹی، سیاحوں کی سہولیات، ٹریفک و پارکنگ پلان، روڈ انفراسٹرکچر، پرائس مانیٹرنگ ڈیسک اور ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کو فیسٹیول کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی رہنمائی اور سیکیورٹی کے لیے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کیلاش کمیونٹی کی مذہبی روایات کا احترام کرتی ہے اور چاوموس تہوار کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھاۓ جائنگے, تاکہ خطے میں سیاحت کے فروغ میں مدد مل سکے۔
کیلاش قبیلے کا منفرد چاؤموس تہوار 22 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس تہوار سے لطف اندوز ہونے اور اس کو دیکھنے کیلئے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکی اور ملکی سیاح کیلاش قبیلے کا رخ کرتے ہیں۔
کالاش مذہبی تہوار چوموس ہر سال دسمبر میں منایا جاتا ہے جو کہ 7 دسمبر سے شروع ہوکر 22 دسمبر کو اختتام پذیر ہوتا ہے اس دوران بہت سارے مذہبی رسومات بھی ادا کیے جاتے ہیں۔ کالاش قبیلے کے مرد ،خواتین ، بزرگوں اور بچوں نے نئے کپڑے پہن کر مل کر رقص کریں گے اور نئے سال کی خوشیاں منائیں گے اس دوران چوموس تہوار کے کئی مذہبی رسومات ، شیشاؤ ، سرازرای،ساوی لیک ہار،اس توںگوس (بون فائر)، چوئی ناری ، منڈاہیک اور شارا بیرایک ،پوشو مارت،گوسٹ نیک،چان زہ ،سوری جاجک،سمیت مختلف مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی ۔،کالاش فیسٹیول چوموس کی تیاری مہینوں پہلے شروع ہوتی ہے ۔
