کالاش قبرستان سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلانے والے وی لاگر کے خلاف مقدمہ درج،گرفتاری کے بعد معافی مل گئی
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) کالاش میوزیم اتھارٹی اور اسپیشل پرپز کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے وی ڈی اے ) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے کالاش قبرستان سے متعلق مبینہ طور پر غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والے ایک وی لاگر کے خلاف تھانہ بمبوریت میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
مقدمے کے اندراج کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ وی لاگر، نیلاب خان سکنہ دیر، کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق کالاش ثقافت، تاریخی ورثے، مذہبی مقامات اور مقامی روایات کے بارے میں جھوٹی یا گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ اس نادر ثقافتی ورثے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
تاہم بعد ازاں موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کالاش قاضیوں اور عمائدین نے نیلاب خان کو معاف کر دیا، جس کے بعد معاملہ افہام و تفہیم سے حل کر لیا گیا۔
مقامی حلقوں نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی ثقافت، مذہب یا تاریخی مقام کے حوالے سے معلومات نشر کرنے سے قبل حقائق کی تصدیق ضروری ہے تاکہ غلط فہمیوں اور تنازعات سے بچا جا سکے۔

