گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبہ کو اسکول بلانے پر پابندی، خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کا حکم
.
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے اسکول بلانے والے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے 29 جون 2026 کو جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صوبے کے بعض تعلیمی ادارے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرمیوں کی تعطیلات کے باوجود طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے اسکول بلا رہے ہیں۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ 31 مئی 2026 کو جاری کردہ موسمِ گرما کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، کیونکہ موجودہ شدید گرمی کی لہر طلبہ کی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔
محکمہ تعلیم نے منیجنگ ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA) اور خیبرپختونخوا کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی باقاعدہ نگرانی اور معائنہ کریں اور تعطیلات کے نوٹیفکیشن پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
سرکلر کے مطابق اگر کوئی تعلیمی ادارہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طلبہ کو اسکول بلاتا پایا گیا تو اس کے خلاف متعلقہ قوانین اور ضوابط کے تحت سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ طلبہ کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے موسمِ گرما کی تعطیلات سے متعلق حکومتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔
