لوئیر چترال؛ وادی ارسون کی دور افتادہ سرحدی چوکی پر فتنہ الخوارج کا حملہ پسپا، فرنٹئیر کور کے ایک جوان شہید پانچ زخمی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اتوار کی علی الصبح ارسون وادی کے سرحدی پٹی پر قائم سیکورٹی پوسٹ پر افغانستان کے علاقے نورستان سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں فرنٹئیر کور کے ایک جوان شہید جبکہ پانچ زخمی ہوگئے تاہم، چترال سکاؤٹس کے بہادر جوانوں نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملاتے ہوئے حملہ پسپا کردیا۔
اس لڑائی میں فرنٹئیر کور کا ایک جوان قمر سعید ساکنہ صوابئ شہید جبکہ پانچ دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے تین کا تعلق چترال سے جبکہ دو کا تعلق ضم اضلاع سے ہے ،زخمیوں میں سپاہی عاقب، ادریس، سیف اللہ، لانس نائک سیف الاعظم اور نائیک ضیاء شامل ہیں۔ جنھیں ٹی ایچ کیوہسپتال دروش منتقل کردیاگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چترال سکاوٹس کے جوانوں کی بھرپور جوابی کاروائی میں متعدد خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

