اپرچترال؛ کاغلشٹ کے مختلف مقامات پر ون ویلنگ، ریسنگ اور ڈرفٹنگ پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد، خلاف ورزی کی صورت میں دفعہ 188 کے تحت کارروائی ہوگی، عمران خان
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اپر چترال محمد عمران خان نے کاغ لشٹ فیسٹیول ایریا میں ون ویلنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے علم میں آیا تھا کہ بعض عناصر کاغلشٹ فیسٹول کے ایریا پولو گراؤنڈ اور کرکٹ گراؤنڈ سمیت مختلف مقامات پر ون ویلنگ، ریسنگ اور ڈرفٹنگ جیسی خطرناک سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں، جس سے نہ صرف انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں بلکہ ماضی میں کئی حادثات بھی پیش آ چکے ہیں۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں علاقے کے قدرتی حسن اور ماحول کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں، لہٰذا شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور علاقے کے قدرتی ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے ان سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی عائد کرنا ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کاغلشٹ فیسٹیول کے مقام پر ون ویلنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
حکم نامے کے مطابق اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ پابندی ایک ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگی

