ضلع لوئر چترال سے دیگر اضلاع کو مویشیوں کی منتقلی پر دفعہ ۱۴۴ کے تحت ساٹھ دنوں کے لیے پابندی عائد
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر ضلع سے باہر مویشیوں کی منتقلی پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی گائے، بیل، بکریوں اور بھیڑوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے، جبکہ ماضی میں بڑے پیمانے پر مویشیوں کی دوسرے اضلاع منتقلی کے باعث مقامی سطح پر قلت پیدا ہونے کے خدشات رہے ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مویشیوں کی مسلسل بیرون ضلع ترسیل سے مصنوعی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور عوامی بے چینی پیدا ہو سکتی ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ہاشم عظیم نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے 60 دن کے لیے ضلع لوئر چترال سے دیگر اضلاع کو مویشیوں کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
حکم نامے کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عیدالاضحیٰ کے موقع پر مقامی سطح پر مویشیوں کی دستیابی یقینی بنانا، قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا اور عوامی مفاد کا تحفظ کرنا ہے۔
