چترال کی بیٹی بختاور سالک ٹیلینور پاکستان کی کم عمر ترین نائب صدر بن گئیں
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) تورکھو چترال سے تعلق رکھنے والی بختاور سالک نے ٹیلینور پاکستان کی انتظامی قیادت میں شامل ہوکر ایک اہم اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ انہیں ٹیلینور پاکستان میں نائب صدر برائے کاروباری معلومات اور مصنوعی ذہانت مقرر کیا گیا ہے۔
بختاور سالک، تورکھو کے معروف ماہرِ تعلیم اور سماجی رہنما محمد صلاح الدین سالک کی صاحبزادی ہیں۔ وہ ٹیلینور پاکستان کی انتظامی ٹیم کے کم عمر ترین ارکان میں شامل ہیں اور کمپنی میں کاروباری معلومات، اعداد و شمار اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں سے وابستہ ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔
بختاور نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف میساچوسٹس سے تعلیم حاصل کی ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ کامیابی کو تورکھو اور پورے چترال کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جارہا ہے۔
ٹیلینور پاکستان ملک کی معروف مواصلاتی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، جو لاکھوں صارفین کو خدمات فراہم کرنے کے ساتھ پاکستان میں ڈیجیٹل رابطے اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ بختاور سالک اپنی موجودہ ذمہ داری میں کاروباری معلومات، ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے کمپنی کی ڈیجیٹل ترقی میں کردار ادا کررہی ہیں۔
بختاور کے والد محمد صلاح الدین سالک نے اپنی زندگی تعلیم، سماجی ترقی اور اپنے علاقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر رکھی ہے، جس کے باعث خاندان میں تعلیم اور معاشرتی خدمت کی ایک مضبوط روایت قائم ہوئی۔
تورکھو کی وادیوں سے پاکستان کی ایک بڑی مواصلاتی کمپنی کی اعلیٰ انتظامی قیادت تک بختاور سالک کا سفر چترال کے نوجوانوں، خصوصاً طالبات کے لیے ایک متاثر کن مثال ہے کہ تعلیم، محنت، عزم اور اپنی جڑوں سے وابستگی کامیابی کی نئی راہیں کھول سکتی ہے۔
