چترال لوئیر افسوسناک واقعہ؛ دمیل میں برفانی تودہ گھرکے اوپر اگرا، نو افراد جان بحق ایک بچے کو زندہ بچالیا گیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے علاقہ خمیک نسار دمیل میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے نو افراد جان بحق اور ایک کمسن بچہ زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال راؤ ہاشم عظیم نے بتایا کہ یہ واقعہ دوپہر کے وقت سیری گال نامی گاؤں میں پیش آیا جب گھر کے تمام افراد ایک کمرے میں موجود تھے۔ یہ گھر باچا خان ولد گل محمد کی ملکیت بتائی جاتی ہے جو کہ متوفین میں شامل ہے۔ گھرانے کا صرف ایک نو سالہ بچہ زبیر ژندہ بچ گئے جسے زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ تمام افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکالا گیا ہے ۔ریسکیو اپریشن میں پاک فوج، چترال سکاوٹس ، ریسکیو ۱۱۲۲، چترال لیویز ، چترال پولیس اور مقامی رضاکاروں نے حصہ لیا۔
جان بحق افراد میں گھرانے کا سربراہ باچاخان ولد گل محمد عمر 35 سال، روزیہ بی بی زوجہ باچا خان عمر 34 سال، حسینہ بی بی ولد باچاخان عمر 15سال، شبینہ بی بی ولد باچاخان عمر 13 سال، ارشاد احمد ولد باچاخان عمر 11 سال، شوکت احمد ولد باچاخان عمر 5 سال، بلال احمد ولد باچاخان عمر 3 سال، شاہینہ بی بی ولد باچاخان عمر 10 سال، صادیقہ بی بی ولد باچاخان عمر 7 سال شامل ہیں۔
باچا خان کے 8 سالہ بیٹے محمد زوبیر ولدعمر 8 سال کو زندہ بچا لیا گیا۔
دراین اثنا چترال بھر میں برفباری چوبیس گھنٹوں تک مسلسل جاری رہنے سے زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئ۔ چترال پشاور روڈ بارہ گھنٹے تک لواری کے مقام پر بند رہنے کے بعد کھل گئی۔ اپر چترال اور لوٹ کوہ کا رابطہ منقطع ہوگئی ہے۔ چترال شہر میں ڈیڑھ فٹ برف پڑ گئی ہے ۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع لوئر چترال کے علاقے ڈومیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے کے افسوسناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بلا تاخیر تیز کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف کے ساتھ جامع امدادی پیکیج فراہم کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ آمدورفت بحال رہے اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات ہر صورت یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی۔مذکورہ واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔



