آٹانی اریگیشن چینل میں پانی کی عدم فراہمی، فصل خراب، عوام کا محکمہ آبپاشی کے خلاف شدید احتجاج
.
لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) آٹانی لشٹ اور کورنگ لشٹ آٹانی ایون چترال لوئیر کے عوام نے محکمہ آبپاشی لوئر چترال کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ تین چار سال سے محکمہ کی غفلت کے باعث علاقے کو بروقت آبپاشی کا پانی فراہم نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے فصلِ ربیع کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔
اہالیان علاقہ نے بذریعہ سوشل میڈیا نوٹس اور اشتہار سیکرٹری محکمہ آبپاشی خیبر پختونخوا، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، سیاسی قائدین اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کے مطابق آج 17 مئی 2026 تک بھی آٹانی اریگیشن چینل میں پانی فراہم نہیں کیا گیا، جس کے باعث کسانوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ آبپاشی کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسانوں کو بروقت پانی فراہم کرے، تاہم محکمہ اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ متاثرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور فصلِ ربیع کا آبیانہ معاف کیا جائے، کیونکہ پانی کی عدم فراہمی کے باوجود آبیانہ وصول کرنا ناانصافی ہے۔
اہالیان آٹانی لشٹ و کورنگ لشٹ (آیون) نے خبردار کیا ہے کہ اگر محکمہ مستقبل میں بروقت آبپاشی کا پانی فراہم نہیں کر سکتا تو کسانوں کو پیشگی اطلاع دی جائے تاکہ وہ فصل کاشت نہ کریں اور مزید نقصان سے بچ سکیں۔

