آتشِ نمرود اور ہمارے معاشرتی بت – از قلم: نجیم شاہ
یہ محض ایک آگ کا قصّہ نہیں، ایک ایسے معاشرے کا نوحہ ہے جو سچ سے زیادہ اپنے جھوٹ کی حفاظت کرتا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعوتِ توحید دراصل جمود، اندھی تقلید اور فکری غلامی کے خلاف ایک عظیم للکار تھی۔ آپؑ نے ایک فرد کی حیثیت سے پورے نظامِ باطل کو چیلنج کیا۔ ایک طرف بتوں کے سامنے جھکنے والی قوم تھی، دُوسری طرف اللہ تعالیٰ کے حضور سرِ تسلیم خم کرنیوالا ایک جلیل القدر نبی۔ قوم کو بتوں پر یقین تھا، مگر دلیل سے خوف آتا تھا۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بتوں کو پاش پاش کیا تو دراصل قوم کے فکری جمود پر ضرب لگائی۔ آپؑ نے واضح کر دیا کہ جو اپنے وجود کی حفاظت نہیں کر سکتے، وہ انسانوں کی تقدیر کیسے بدل سکتے ہیں؟ مگر غلام ذہن آئینے سے نہیں، آئینہ دکھانے والے سے نفرت کرتا ہے۔ چنانچہ آپؑ کے سوالات نے قوم کو مشتعل کر دیا۔ آج بھی جو شخص معاشرتی بتوں، جھوٹے بیانیوں اور مصنوعی تقدس کو چیلنج کرتا ہے، اسکے خلاف کردار کشی کا بازار گرم ہو جاتا ہے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ستارے، چاند اور سورج کے غروب ہونے سے اپنی قوم کو حقیقتِ توحید کی طرف متوجہ کیا۔ یہ محض کائناتی مشاہدہ نہیں، ایک عظیم فکری استدلال تھا کہ جو فنا پذیر ہے، وہ معبود نہیں ہو سکتا۔ مگر ہمارا المیہ دیکھئے کہ ہم نے اِنسانوں کو نظریہ، اداروں کو تقدس اور بیانیوں کو اٹل سچ کا درجہ دے رکھا ہے۔ یہاں شخصیت پرستی عقیدت، اندھی تقلید روایت اور اختلاف جرم بن جاتا ہے۔ ہم دلیل سے نہیں، دلیل دینے والے کی نیت سے لڑتے ہیں۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کے مقابلے میں اُس وقت نمرودی اقتدار تھا، آج طاقت کے مراکز ہیں؛ اُس وقت لکڑیوں کی آگ تھی، آج نفرت، پروپیگنڈے اور کردار کشی کے الاؤ ہیں۔ اُس وقت ایک ہجوم تماشا دیکھ رہا تھا، آج سوشل میڈیا کی عدالتیں فیصلے سُناتی ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ پہلے انسان کو آگ میں پھینکا جاتا تھا، اب اُسکی ساکھ، روزگار اور سماجی شناخت کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ معاشرے کا المیہ یہ نہیں کہ وہاں ظالم موجود ہیں، بلکہ یہ ہے کہ تماشائیوں کی تعداد مظلوموں سے کہیں زیادہ ہے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آتشِ نمرود میں ڈالنے کا فیصلہ دراصل حق کی آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کرنے کی کوشش تھی۔ مگر اللہ تعالیٰ کے حکم سے آگ گلزار بن گئی۔ یہ واقعہ ایمان کی قوت اور ربِ کائنات کی قدرت کا ابدی اعلان ہے۔ سچ کو وقتی طور پر دبایا جا سکتا ہے، اسکے علم بردار کو تنہا کیا جا سکتا ہے، مگر حق کی معنوی قوت ختم نہیں کی جا سکتی۔ آج بھی سچ بولنے والا کبھی الزام، کبھی تضحیک اور کبھی تنہائی کی سزا بھگتتا ہے۔ مگر آگ ہمیشہ جسم جلاتی ہے، حق نہیں۔
ہمارا ایک اور المیہ یہ ہے کہ ہم نے سچ کو تقریروں، نعروں اور جذباتی خطابت میں قید کر دیا ہے۔ حق کی بات کرنا ہمیں اچھا لگتا ہے، حق پر کھڑا ہونا نہیں۔ دیانت کی تعریف کرتے ہیں، مگر اپنے معاملات میں بددیانتی کیلئے ہزار تاویلیں رکھتے ہیں۔ انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، مگر اپنی باری آئے تو سفارش ڈھونڈتے ہیں۔ تبدیلی کے خواب دیکھتے ہیں، مگر اپنی ذات کے گرد کھڑی بدعنوانی کی دیوار گرانے کو تیار نہیں۔ ہم دُوسروں کے بت توڑنے کے خواہشمند ہیں، بشرطیکہ کوئی ہمارے بتوں کی طرف اُنگلی نہ اُٹھائے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی حیاتِ مبارکہ کا ایک اور عظیم باب قربانی ہے۔ اپنے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کے لیے آمادگی، اطاعت، یقین اور تسلیم و رضا کی وہ بے مثال داستان ہے جس کے سامنے انسانی عزم بھی سرِ تعظیم خم کرتا ہے۔ اس واقعے کا پیغام محض ایک مذہبی رسم نہیں، بلکہ اپنی عزیز ترین متاع کو اللہ تعالیٰ کے حکم کے تابع کرنے کا درس ہے۔ مگر آج ہم قربانی بھی اپنی سہولت کے مطابق کرتے ہیں۔ تبدیلی دُوسروں سے چاہتے ہیں، قیمت خود ادا نہیں کرنا چاہتے۔
ہم حضرت ابراہیم علیہ السلام کا نام لیتے ہیں، مگر آپؑ کی استقامت سے سبق لینے کے بجائے اپنی مصلحتوں کے اسیر رہتے ہیں۔ آپؑ کی بت شکنی کا ذکر کرتے ہیں، مگر اپنے ذہنوں میں آباد بتوں کو ہاتھ لگانے کی ہمت نہیں کرتے۔ ہم سوال سے خوفزدہ، اختلاف سے برہم اور تنقید سے مشتعل ہو جاتے ہیں۔ گویا ہمارا فکری سرمایہ اتنا کمزور ہے کہ ایک سوال سے لرزنے لگتا ہے۔ حالاں کہ زندہ معاشرے سوال سے نہیں ڈرتے، سوال سے اپنی اصلاح کرتے ہیں۔ مردہ معاشرے سوال کرنیوالے کو ہی مجرم بنا دیتے ہیں۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ حق کی راہ میں تنہائی شکست نہیں اور مخالفت کبھی دلیل کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ تاہم حق پرستی کا مطلب محض ہر روایت کی مخالفت یا ہر اختلاف کو بغاوت قرار دینا بھی نہیں۔ اصل جرأت یہ ہے کہ انسان دلیل کے ساتھ بات کرے، اپنے دعوے کا بوجھ خود اُٹھائے اور اپنے کردار کو اپنے نظریئے کا گواہ بنائے۔ سوال کی حرمت اُسی وقت قائم رہتی ہے جب جواب دینے کا حوصلہ بھی موجود ہو۔ ورنہ شور مچانے والے بہت، فکر کرنیوالے کم ہوتے ہیں۔
آج ہمیں کسی نمرود کیخلاف محض نعرے لگانے کی نہیں، اپنے اندر کے نمرود کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔ وہ نمرود جو ہمیں اپنی غلطی تسلیم نہیں کرنے دیتا، جو اختلاف برداشت نہیں کرتا اور جو مفاد کیلئے ضمیر کا سودا کر لیتا ہے۔ حضرت ابراہیم ؑ کا پیغام آج بھی ہر اس ذہن کیلئے مشعلِ راہ ہے جو حق کو پہچاننے اور اس پر ثابت قدم رہنے کا حوصلہ رکھتا ہے۔ یاد رکھیے، بت صرف پتھر کے نہیں ہوتے، بعض اوقات مفادات، تعصبات اور خوف بھی بت بن جاتے ہیں۔ تاریخ تماشائیوں کو نہیں، حق کیلئے کھڑے ہونیوالوں کو یاد رکھتی ہے۔